اسلام آباد (عظیم صدیقی) پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان بالواسطہ رابطے ہوئے ہیں، مشترکہ دوستوں کے توسط سے مذاکرات میں لانگ مارچ ملتوی کرنے پر گفتگو ہوئی ہے۔ باوثوق ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاک افغان بارڈر پر جھڑپوں اور جنوبی پختونخوا میں شدید دہشتگردی کی وجہ سے لانگ مارچ ملتوی کرنے پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔ پی ٹی آئی نے مشروط رضامندگی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ سب سے پہلے بانی پی ٹی آئی کی تین بہنوں’ ممبران اسمبلی وسینیٹ سمیت دیگر گرفتار شدگان کو فی الفور رہا کیا جائے۔ عمران خان کو ہسپتال منتقل کیا جائے، ان کے ساتھ ڈاکٹر علیمہ خان اور ڈاکٹر فیصل سلطان کو رہنے کی اجازت دی جائے تو لانگ مارچ مؤخر کرنے پر غور ہو سکتا ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ”ذمہ داروں” اور وزیراعظم کو نیویارک آگاہ کر دیا گیا ہے۔ انتہائی اہم پیشرفت متوقع ہے کیونکہ سڑکوں کی بندش سے معیشت کو روزانہ اربوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔




