بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان قوم کا فخر ہیں،شہبازشریف

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے امریکہ میں مقیم پاکستانی برداری اور نوجوانوں کے وفود کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں. وزیرِ اعظم شہباز شریف سے امریکہ میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کے وفد نے ملاقات کی جس میں شعبہ صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور سماجی آنٹرپرونیورز کے ساتھ ساتھ مختلف یوتھ این جی اوز کے سربراہان اور پروفیشنلز شریک تھے.وزیرِ اعظم نے وفد کا خیرمقدم کیا اور نوجوانوں کو مختلف شعبہ جات میں بہتری کیلئے تجاویز دینے اور پاکستان کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہیں۔ پختہ یقین ہے کہ پاکستان کی قسمت صرف نوجوان ہی بدل سکتے ہیں۔ پاکستان بھر کے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید ہنر سکھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ خادم پنجاب کے دور سے باصلاحیت نوجوانوں کو لیپ ٹاپس، وظائف اور معاشی طور پر کمزور طلبا و طالبات کو دانش اسکولز کے ذریعے یکسان تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کا جو سلسلہ شروع کیا تھا، وہ بطور خادم پاکستان بھی جاری ہے۔ معاشی طور پر کمزور بچوں کو دانش اسکولز کے ذریعے بین الاقوامی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اب عالمی معیار کی دانش یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ پاکستان کے نوجوانوں کی ترقی کیلئے آپکی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ نوجوانوں نے وزیرِ اعظم کے نوجوانوں کی ترقی بالخصوص آئی ٹی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کاروبار میں آسانی کیلئے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقاتوں میں رانا مشہود احمد خان چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام، معاون خصوصی بلال بن ثاقب، پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب عاصم افتخار، پاکستان کے امریکہ میں سفیر رضوان احمد شیخ، وزیرِ اعظم کے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے ترجمان مشرف زیدی، سید قمر رضا چیئرمین اوور سیز فانڈیشن، مینیجنگ ڈائیریکٹر اوورسیز فائونڈیشن افضال بھٹی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں