جڑانوالہ(نامہ نگار) ٹی ایچ کیو ہسپتال جڑانوالہ میں عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے اہم پیش رفت،ضیا ء اللہ گوندل اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ کی کاوشوں پر تحصیل ہیڈ کوارٹر (THQ) ہسپتال جڑانوالہ میں علاج معالجے اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹر) فیصل آباد کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم نے ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا،جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ بھی شامل تھے،ایمرجنسی وارڈ کی توسیع: ہسپتال میں مریضوں کے رش اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی بلاک کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت 15سے 20نئے بیڈز کا اضافہ کیا جائے گا۔ دورے کے دوران ہسپتال کو درپیش تمام انتظامی و طبی مسائل اور خامیوں کو تفصیلی طور پر زیرِ غور لایا گیا۔ٹیم نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے معیار کو مزید بلند کرنے اور زیرِ غور مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے سخت ہدایات جاری کی ہیں۔یہ اقدام جڑانوالہ کے شہریوں کو ان کے اپنے شہر میں بہتر، فوری اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں نہایت اہم اور سنگِ میل ثابت ہو گا۔




