ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) تھانہ ٹھیکریوالہ کے علاقہ میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی دو وارداتوں میں مسلح ڈاکو شہریوں سے مجموعی طور پر 3 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے، وارداتوں کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔تفصیلات کیمطابق سدھار بائی پاس کے قریب ریت، بجری کے سٹاک کے دفتر میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار نامعلوم مسلح ڈاکو دن دیہاڑے داخل ہوگئے۔ ڈاکوئوں نے دفتر میں موجود جاوید ولد بشیر احمد کے سر پر پسٹل کا بٹ مار کر اسے زخمی کردیا اور فائرنگ بھی کی، ملزمان دفتر سے 2 لاکھ روپے نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دفتر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں سمیت سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی شناخت ہوگئی ہے اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔دوسری واردات میں سدھو خاں بھٹہ خشت سے بھی نامعلوم ڈاکو دن دیہاڑے ایک لاکھ روپے نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی مکمل کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھانہ ٹھیکریوالہ کے مختلف علاقوں میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ شہریوں کے لیے باعث تشویش ہے، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔ شہریوں نے پولیس کے اعلی حکام سے موثر گشت اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔




