باصلاحیت کرکٹرز کی کوچنگ’ تعلیمی سہولیات کی فراہمی ترجیح’ عاطف رانا

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک)لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا نے کہا ہے کہ باصلاحیت کرکٹرز کی کوچنگ، ٹریننگ اور تعلیم کی یکساں سہولیات فراہم کرنا انکی اولین ترجیح ہے، اس بارے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا وژن قابل تعریف ہے۔ خصوصی گفتگو میں عاطف رانا نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کیساتھ ہونیوالے ایم او یو اور شراکت داری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ باہمی تعاون نوجوان کرکٹرز کیلئے میدان کے اندر اور باہر، دونوں جگہوں پر آگے بڑھنے کی نئی راہیں ہموار کریگا۔عاطف رانا نے تعلیم اور کرکٹ کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے سے متعلق پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کے وژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ نوجوان کھلاڑی نہ صرف تعلیم یافتہ ہوں بلکہ عملی مہارتوں سے بھی لیس ہوں۔ملک میں کرکٹ ٹیلنٹ کو نکھارنے اور انہیں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے لاہور قلندرز اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی)کے مابین تین سالہ شراکت داری کا معاہدہ بھی ہوا جس کا بنیادی مقصد کھلاڑیوں کو ہائی پرفارمنس ٹریننگ، اسکالرشپس، کوچنگ اور تعلیم کی یکساں سہولیات فراہم کرنا ہے،ایم او یو پر لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا اور یو ایم ٹی کے صدر ابراہیم مراد نے دستخط کیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں