فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر کے علاقہ ستیانہ روڈ مچھلی فارم کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈیافتہ ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اسکے تین ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ صدر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ستیانہ روڈ مچھلی فارم پر ناکہ بندیاں کے دوران مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جس نے اپنا نام سلیم ولد رحمت علی سکنہ 229 رب بتایا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا۔ مرنے والا ڈاکو متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔




