لاہور (بیوروچیف) خواتین اور بچوں سے متعلق ایمرجنسی ہیلپ لائن 15پر موصول ہونے والی کالز کے لیے نیا رسپانس سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔حکام کے مطابق ماڈل ٹائون ڈویژن میں پائلٹ پروجیکٹ کے تحت 15پر کال موصول ہونے پر پولیس کی خواتین افسران اور اہلکار بطور فرسٹ ریسپانڈر فوری موقع پر پہنچیں گی۔ خواتین افسران متاثرہ خاتون سے درخواست وصول کریں گی اور فوری طور پر ڈائری نمبر بھی جاری کیا جائے گا۔نئے نظام کے تحت متاثرہ خواتین یا بچوں کو مقدمہ درج کروانے کے لیے بار بار تھانے کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے، جبکہ مقدمے کے اندراج کی صورت میں بھی غیر ضروری آمدورفت سے بچایا جائیگا۔حکام کے مطابق اس نظام کا مقصد خواتین کو مقدمات کے اندراج کے عمل میں درپیش مشکلات کم کرنا، گھریلو تشدد کی شکایات پر فوری کارروائی یقینی بنانا اور موقع پر خواتین افسران کے ذریعے قانونی رہنمائی فراہم کرنا ہے۔پائلٹ پروجیکٹ کی کامیابی کے بعد اس نظام کو دیگر علاقوں تک بھی توسیع دی جائے گی۔




