سرگودھا ( بیورو چیف)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے خیام چوک فلائی اوور پر جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے منصوبے کے مختلف حصوں کا جائزہ لیتے ہوئے تعمیراتی کام کی رفتار، معیار، ٹریفک مینجمنٹ اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ایس ای ہائی ویز کامران اکرام، اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا احمد شیر گوندل اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن احمد بلال مخدوم بھی موجود تھے۔ متعلقہ افسران نے کمشنر کو منصوبے پر جاری کام اور اب تک ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ خیام چوک فلائی اوور کے ترقیاتی کام مقررہ ٹائم لائن کے مطابق تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد شہریوں کو بہتر، محفوظ اور آسان سفری سہولیات فراہم کرنا ہے، اس لیے منصوبے کی تکمیل کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو کم سے کم مشکلات پیش آنے کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے ساتھ ساتھ صفائی، سڑکوں کی بحالی، ٹریفک مینجمنٹ، نکاسی آب اور دیگر ضروری شہری سہولیات پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ کمشنر نے موقع پر متعلقہ افسران سے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کرتے ہوئے منصوبے کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھنے کی ہدایت کی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ سرگودھا شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا اور عوام کو جدید شہری سہولیات کی فراہمی ہے۔ عوامی فلاح اور شہری سہولیات کی بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور معیار کی کڑی نگرانی جاری رکھی جائے گی۔




