اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت نے فکسڈ ٹیکس اسکیم کی ناکامی کے بعد 10لاکھ نان فائلرز کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے چیئرمین راشد لنگڑیال نے سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ میں کہا کہ ریٹیلرز ٹیکس نیٹ میں نہ آئے تو سخت کارروائی ہوگی۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت کو گاجر اور چھڑی کی پالیسی اپنانا ہوگی۔ ایف بی آر حکام کے بتایا کہ 43لاکھ ریٹیلرز میں صرف 6لاکھ فائلرز ہیں اور 37لاکھ ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں۔ ایف بی آر نے ریٹیلرز کی جانب سے ایک فیصد فکسڈ ٹیکس اسکیم کو خاطر خواہ پذیرائی نہ ملنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی سازگار قرار دی جانے والی اس اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والے 10لاکھ نان فائلرز کے خلاف کریک ڈائون شروع کیا جائے گا۔




