اسلام آباد(سپورٹس نیوز)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے بھارت کے خلاف قومی ہاکی ٹیم کی شاندار فائٹ اور مزاحمت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سنسنی خیز مقابلے میں 4-3کی معمولی شکست کے باوجود ٹیم کی کارکردگی حوصلہ افزا رہی۔ اپنے بیان میں محی الدین وانی نے کہا کہ قومی ٹیم کی ٹیکٹیکل ڈسپلن اور شاندار کم بیک ثابت کرتا ہے کہ ہم درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، نوجوان کھلاڑیوں نے میدان میں بھرپور کردار اور عزم کا مظاہرہ کیا’ پاکستان ہاکی فیڈریشن کھلاڑیوں کو بہترین وسائل، بین الاقوامی ایکسپوژر اور تربیت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کا سفر ابھی جاری ہے، ہم اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں، کھلاڑی حوصلے بلند رکھیں اور آئندہ میچز پر توجہ مرکوز کریں۔واضح رہے کہ جاپان میں جاری ایشین گیمز کے ہاکی ایونٹ میں پاکستان ٹیم کو روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔




