اسحاق ڈار سعودی عرب پہنچ گئے

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں پاکستانی سفیر پاکستانی قونصل جنرل اور سعودی شاہی پروٹوکول کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔سعودی عرب پہنچنے کے بعد نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول ۖ پر حاضری دی، اس موقع پر انہوں نے پاکستان کے امن و خوشحالی، پاکستانی عوام اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود، جبکہ علاقائی امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔اسحاق ڈار نے جبلِ احد کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے غزو احد کے شہدائے کرام کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے لیے دعا کی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران مکہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت ہونے والے اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں