سرگودھا( بیوروچیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے چیمہ کالونی میں واٹر سپلائی سکیم تقریباً ڈیڑھ سال سے مکمل ہونے کے باوجود کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے ٹیک اوور نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو سکیم کا ٹیک اوور کرنے کے حوالے سے فیصلہ کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ مدت میں سکیم ٹیک اوور نہ کرنے کی صورت میں ضلعی انتظامیہ اسے بند کرنے پر مجبور ہوگی۔ اس امر کا اظہار انہوں نے واٹر سپلائی سکیم چیمہ کالونی اور سٹی بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کی ہینڈنگ اوور اور ٹیکنگ اوور کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ چیمہ کالونی واٹر سپلائی سکیم جون 2025 سے مکمل ہے اور اس کے ذریعے کنٹونمنٹ بورڈ کی مختلف آبادیوں کو روزانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے اس مد میں شہریوں سے بلوں کی صورت میں رقوم بھی وصول کی جا رہی ہیں، تاہم سکیم مکمل ہونے کے باوجود تاحال اسے ٹیک اوور نہیں کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی فلاح کے لیے مکمل ہونے والی سکیم کو غیر ضروری تاخیر کا شکار رکھنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور کنٹونمنٹ بورڈ کے حکام کو ہدایت کی کہ باہمی رابطے سے آئندہ 24 گھنٹوں میں سکیم کا معائینہ کرکے اس کے دائرہ کار اور تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے اور ٹیک اوور کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے۔ اجلاس میں سٹی بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کے تحت کچہری بازار اور سٹی روڈ پر محکمہ ہائی ویز کی جانب سے مکمل کیے گئے۔بیوٹیفکیشن منصوبے کی ہینڈنگ اوور اور ٹیکنگ اوور کے حوالے سے بھی فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مکمل شدہ منصوبے کو میونسپل کارپوریشن باقاعدہ طور پر ٹیک اوور کرے تاکہ منصوبے کے تحت کیے گئے بیوٹیفکیشن کے کاموں اور سول تنصیبات کی مناسب دیکھ بھال جاری رکھی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ہائی ویز اور میونسپل کارپوریشن کی ٹیم مشترکہ طور پر موقع کا معائینہ کرکے منصوبے کے تمام کاموں کا جائزہ لے اور ٹیکنگ اوور کا عمل مکمل کرے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ فیسکو سے متعلقہ تنصیبات اپنی جگہ متعلقہ ادارے کی ذمہ داری رہیں گی، جبکہ منصوبے کے تحت مکمل کیے گئے دیگر سول ورکس اور تنصیبات میونسپل کارپوریشن اپنے ٹیک اوور میں لے۔




