فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ڈائریکٹرزراعت آفس کا دورہ کیا اورمسجد میں کسانوں کے ہمراہ نماز عصر با جما عت ادا کرنے کے بعد کاشتکاروں سے فصلوں کی باقیات کو آگ نہ لگانے کے بارے میں تلقین کی اور عہد لیا۔ڈائریکٹر زراعت/چیف ایگریکلچر آفیسر چوہدر ی خالد محمود،ڈپٹی ڈائریکٹر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔کمشنر نے کسانوں سے کہا کہ آئندہ ممکنہ سموگ سیزن میں ماحول کو آلودہ ہونے سے بچانا مشترکہ ذمہ داری ہے لہذا کاشتکار فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے سے گریز کریں اور دوسرے کسان دوستوں کو ترغیب دیں۔کمشنر نے کہا کہ نمبرداروں کو بھی آگاہی مہم میں شریک کریں اور مساجد میں اعلانات کے ساتھ ساتھ آگاہی کے دیگر ذرائع بھی بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں سموگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو تنبیہہ کریں۔انہوں نے کہا کہ نچلی سطح پر بھی کسانوں سے عہد لیں کہ دھان کی فصل کو آگ نہیں لگائیں گے اور دیگر بھی آگاہی دیں گے۔




