FDAکا غیر قانونی کمرشلائز یشن اور ناجائز قابضین کیخلاف بھرپور آپریشن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیر قانونی کمرشلائزیشن اور ناجائز قابضین کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سر سید ٹائون میں رہائشی جائیدادوں کو غیر قانونی طور پر کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر چار پلاٹس سربمہر کر دیے، جبکہ دوسری کارروائی کے دوران احمد نگر میں ایف ڈی اے کی ملکیتی جائیداد پر ناجائز قبضے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات مسمار کر دی گئیں اور پلاٹ واگزار کروا لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مذکورہ جائیدادوں کے مالکان کو غیر قانونی کمرشل استعمال ترک کرنے اور قواعد و ضوابط کے مطابق کمرشلائزیشن کی منظوری حاصل کرنے کے لیے متعدد بار نوٹسز جاری کیے گئے اور چالان بھی کیے گئے، تاہم انہوں نے ان ہدایات پر عمل درآمد نہیں کیا۔ قانون شکنی کے خلاف ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ ون افنان سعید سندھو کی زیر نگرانی انفورسمنٹ انسپکٹر اسلم گجر و دیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سر سید ٹائون کے اے بلاک میں پلاٹ نمبر 183، 187 اور 191 جبکہ ڈی بلاک میں پلاٹ نمبر 4 کو سیل کر دیا۔ ایف ڈی اے حکام نے متعلقہ مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ پراپرٹیز کے کمرشل استعمال کے لیے فوری طور پر قواعد و ضوابط کے مطابق منظوری حاصل کریں اور مقررہ واجبات جمع کروائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دریں اثنا، انفورسمنٹ ٹیم نے احمد نگر میں ایف ڈی اے کے منسوخ شدہ پلاٹ نمبر 334-B پر ناجائز قبضے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے موقع پر قائم غیر قانونی تعمیرات مسمار کر دیں اور پلاٹ کو ناجائز قبضے سے واگزار کروا لیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی کمرشلائزیشن، سرکاری املاک پر ناجائز قبضے اور تعمیراتی ضوابط کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ایسی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں