فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) حکومت پنجاب کے محکمہ سکول ایجوکیشن نے صوبے کے سرکاری سکولوں میں طلبہ کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے روزانہ کوئیک ٹیسٹ اور ماہانہ اسیسمنٹ پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ صوبے کے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایات پر یکساں اور موثر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔طلبہ سے گزشتہ روز پڑھائے گئے سبق کی بنیاد پر روزانہ 10منٹ کا کوئیک ٹیسٹ لیا جائے گا، جبکہ تمام طلبہ کی ماہانہ اسیسمنٹ کے ذریعے ان کی تعلیمی پیش رفت کا جامع جائزہ لیا جائے گا تاکہ سیکھنے کے عمل میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرکے انہیں دور کیا جا سکے۔ ہر طالب علم کی ماہانہ اسیسمنٹ پر مشتمل کارکردگی کا ریکارڈ باقاعدہ رجسٹر میں مرتب کیا جائے اور اسے مسلسل اپ ڈیٹ رکھا جائے۔ متعلقہ چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ماتحت نگران عملے کے ذریعے سکولوں میں ان اقدامات کی مانیٹرنگ اور تصدیق یقینی بنائیں۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے طلبہ کے مضمون وار ایس بی اے نمبروں اور ماہانہ ٹیسٹ کی کارکردگی کا ریکارڈ بھی مسلسل مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن کے سکولوں کے دوروں کے دوران اسیسمنٹ رجسٹر کا خصوصی جائزہ لیا جائے گا تاکہ ہدایات پر عملدرآمد اور طلبہ کی تعلیمی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔تمام متعلقہ ضلعی تعلیمی سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد کی رپورٹ اور سرٹیفکیٹ محکمہ کو جمع کروائیں۔




