فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)موبائل فون اور اسکرین کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنا ناگزیر ہے تاکہ نہ صرف جسمانی و ذہنی صحت کو بہتر بنایا جا سکے بلکہ زندگی میں آگے بڑھنے کے لئے یکسوئی اور سپورٹس مین سپرٹ جیسی خصوصیات بھی پیدا کی جا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے ایگریرین سوسائٹی کے زیراہتمام اسپورٹس گالا کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں طلبہ کرکٹ، فٹ بال،9 ہینڈ بال اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈین کلیہ زراعت پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر ڈاکٹر وسیم اکرم، ڈاکٹر ندیم اکبر سندھو،ڈائریکٹر سپورٹس محمد عاطف شفیق بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ کھیل طلبہ میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے کے ساتھ جسمانی فٹنس بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی اور طلبہ کی شرکت بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کو روزمرہ معمولات میں ورزش اور کھیلوں کے لیے وقت نکالنا چاہیے۔ پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے کہا کہ کھیل طلبہ کو ٹیم کے ساتھ کام کرنے، چیلنجز کا سامنا کرنے اور مشکلات میں ثابت قدم رہنے کی تربیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ کھیلوں میں شرکت طلبہ کی شخصیت میں توازن پیدا کرنے میں مددگار ہے۔ ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر ڈاکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ اسپورٹس گالا طلبہ کو اپنی صلاحیتیں دکھانے اور مختلف شعبوں کے ساتھیوں کے ساتھ میل جول بڑھانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کی مختلف کھیلوں میں شرکت کی حوصلہ افزائی پر زور دیا۔




