فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر فیصل آ با د محمد نعمان صدیق کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز رشد اقبال کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں انسداد ڈینگی اقدامات، سرویلنس سرگرمیوں اور ہاٹ سپاٹس کی کوریج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سی او ہیلتھ، ضلع کونسل، ایجوکیشن، لوکل گورنمنٹ، واسا، ستھرا پنجاب ایجنسی، پی ایچ اے سمیت دیگر محکموں کے افسران مجود تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہاٹ سپاٹس کی موثر نگرانی یقینی بنانے اور ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ مقامات کی نشاندہی کے لئے سرویلنس مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اکتوبر اور نومبر ڈینگی کی افزائش کے حوالے سے اہم مہینے ہیں لہذا ان دنوں میں انسداد ڈینگی اقدامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان ڈور اور آٹ ڈور سرویلنس کو موثر اور لاروا کی موجودگی کی صورت میں فوری تلفی یقینی بنائیں اور ہاٹ سپاٹس کی باقاعدگی سے چیکنگ کی جائے۔ متعلقہ محکمے اپنی فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کرتے ہوئے انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی رپورٹ باقاعدگی سے مرتب کریں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی سے بچا ئوکے لئے شہریوں میں آگاہی پیدا کی جائے اور گھروں، دکانوں، زیر تعمیر عمارتوں، قبرستانوں اور دیگر ممکنہ مقامات پر پانی جمع نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور شہریوں کو اس وبا سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی اقدامات میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔




