ٹوبہ ٹیک سنگھ(نامہ نگار)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق فضائی آلودگی کے خاتمے، صاف فضا کی فراہمی اور شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں انسدادِ سموگ اقدامات جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی زیر صدارت ضلعی انسدادِ سموگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کی کارکردگی، جاری کارروائیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ مجاہد عباس ، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات انجینئر سرفراز انجم، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت گلزار شاہد اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلا س میں محکمہ ماحولیات کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع بھر میں بھٹہ جات کیخلاف 348 انسپکشنز کی گئیں، خلاف ورزیوں پر 17لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، 30بھٹے سیل اور 12مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 26 بھٹوں کو مسمار بھی کیا گیا۔ صنعتی یونٹس کی 79انسپکشنز کے دوران 30نوٹسز جاری کیے گئے، ایک صنعتی یونٹ سیل اور ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ باربی کیو پوائنٹس پر دھویں کے اخراج کی روک تھام کے لیے134 مقامات کی انسپکشن کی گئی، 75کو نوٹسز جاری، 6 پوائنٹس سیل اور 23مقامات پر مناسب سکشن ہڈ سسٹم نصب کروایا گیا۔ محکمہ زراعت کی انسدادِ سموگ آگاہی مہم کے تحت 541مساجد میں دو مر تبہ اعلانات کروائے گئے اور 7 ہزار 273 کاشتکاروں کو آگاہی فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ 5 ہزار پمفلٹس تقسیم، چاروں تحصیلوں میں نمبردار کنونشنز، 50 پینا فلیکس آویزاں، 16سکولوں و کالجوں میں آگاہی سیمینارز اور 15فارمر سیمینارز منعقد کیے گئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دھان کی فصل کی باقیات تلف کرنے کے لیے ضلع میں 212 سپر سیڈرز، 5 ہیپی سیڈرز، 5 کبوتا ٹائپ ہارویسٹرز اور 18 کمبائن ہارویسٹرز سمیت جدید زرعی مشینری دستیاب ہے۔ رواں سال اگست میں فصلوں کی باقیات جلانے کے 6 واقعات رپورٹ ہوئے، جن پر مجموعی طور پر ایک لاکھ 35 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔




