حیدرآباد (سپورٹس نیوز) بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی نے پروفیشنل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم لنکڈ اِن پر ڈیبیو کرتے ہی مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے۔ویرات کوہلی کی پروفائل پر صرف 48گھنٹوں کے دوران فالوورز کی تعداد 3 لاکھ 34 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔کوہلی نے گزشتہ روز لنکڈ اِن پر اپنی پہلی پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے بھارتی کھیلوں کے مستقبل، مقامی برانڈز کی ترقی اور کرکٹ سے آگے کاروباری منصوبوں سے متعلق اپنے عزائم کا اظہار کیا۔13 اکتوبر کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 11 بج کر 15 منٹ پر ان کے فالوورز کی تعداد صرف 1501 تھی جو اگلے روز اسی وقت بڑھ کر 242083 ہو گئی اور اب دو روز سے بھی کم وقت میں یہ تعداد 3 لاکھ 34 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔37 سالہ کرکٹر نے اپنے پیغام میں اس خواہش کا اظہار کیا کہ بھارت میں ہر کھیل کو اہمیت دی جائے اور ایسے مقامی برانڈز تیار کیے جائیں جو عالمی سطح پر مقابلہ کر سکیں۔




