زرعی یونیورسٹی میں عالمی یوم خوراک کے حوالے سے آگاہی واک اور سیمینار

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں عالمی یومِ خوراک کے حوالے سے آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد عوام میں متوازن غذا، غذائی تحفظ اور فوڈ سیفٹی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر بھوک کے خاتمے، غذائی قلت پر قابو پانے اور خوراک کی غذائی افادیت بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ غذائی تحفظ کیساتھ ساتھ محفوظ، معیاری اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی بھی یقینی بنانا ہوگی۔ عالمی یومِ خوراک کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ بھوک، غذائی قلت اور غیر محفوظ خوراک جیسے مسائل کے خاتمے کے لیے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ غیر متوازن غذا بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کو متاثر کرتی ہے جبکہ متوازن خوراک تک رسائی اور آگاہی صحت مند معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذائیت کی کمی کے خاتمے کے لیے متوازن غذا اور صحت مند طرزِ زندگی کے حوالے سے عوامی آگاہی ناگزیر ہے۔ ڈین فوڈ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عمران پاشا نے کہا کہ غیر معیاری اور آلودہ خوراک انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے، اس لیے خوراک کی تیاری، ذخیرہ کاری اور ترسیل کے تمام مراحل میں حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل درآمد ضروری ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ فوڈ سیفٹی کے مؤثر اقدامات کے ذریعے خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نیفسیٹ ڈاکٹر عیسیٰ خان نے کہا کہ بچوں، خواتین اور معاشرے کے کمزور طبقات میں غذائی قلت دور کرنے کے لیے مؤثر اور پائیدار اقدامات کرنا ہوں گے۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی مبشر، ڈاکٹر احمد دین اور دیگر متعلقہ ماہرین نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں