لاہور( بیورو چیف)والد کی وفات کے بعد پنشن ہی واحد ذریعہ معاش تھا، نوسرباز نے وہ بھی ہتھیا لی۔ متاثرہ خاتون انصاف کیلئے ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق خاتون نے والد کی وفات کے بعد پنشن لگوانے کیلئے عبدالرحمان نامی شخص سے مدد لی۔ ملزم نے خاتون کا اصل شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات حاصل کیں۔ عبدالرحمان نے خاتون کے شناختی کارڈ پر خفیہ طور پر دوسرا بینک اکائونٹ کھلوا لیا۔ ملزم نے پنشن کے 12لاکھ روپے نئے اکائونٹ میں منتقل کروائے۔ متاثرہ خاتون نے کھلی کچہری میں فراڈ کی روداد سناتے ہوئے انصاف کی اپیل کی تھی۔ معاملہ کی جانچ کے بعد مقدمے کے اندراج اور ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ مغلپورہ پولیس نے ملزم عبدالرحمان گرفتار کر کے 5لاکھ روپے نقدی برآمد کر لی۔ بقایا رقم کی برآمدگی کیلئے بھی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران نے کہا کہ نوسربازوں اور ٹاٹوں کے جھانسے میں آکر اپنی جمع پونجی سے محروم نہ ہوں۔ شہری پنشن اور مالی معاملات کیلئے متعلقہ اداروں سے براہِ راست رجوع کریں۔




