ساہیوال ( بیورو چیف)کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت محکمہ ایریگیشن، بلڈنگز اور ہائی ویز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈ ینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر جنرل غلام حسین بھٹی، ایکسیئن بلڈنگز خرم ارشد، ایکسیئن ہائی ویز عبدالقادر صدیق، ایکسیئن ایریگیشن محمد طلحہ، ایس ای سکھراوا کینال محب اللہ علی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران متعلقہ محکموں کے افسران نے اپنی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے محکمہ ہائی ویز کے افسران کو ہدایت کی کہ نئی تعمیر ہونے والی سڑکوں کے اطراف تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ عوام کی آگاہی کے لیے مناسب مقامات پر سائن بورڈز نصب کیے جائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے محکمہ ایریگیشن کے افسران کو ہدایت کی کہ نہروں کے اطراف قائم غیر قانونی تجاوزات اور قبضوں کا خاتمہ کیا جائے اور نہری پانی کی چوری روکنے کے لیے مؤثر نگرانی اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ پانی چوری میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کے ساتھ ایف آئی آر کا اندراج بھی یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں محکمہ ایریگیشن کی جانب سے سلیمانکی بیراج پر ٹیلی میٹری فلو مانیٹرنگ سسٹم کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔




