لاہور (بیوروچیف) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے اپنے زیر انتظام تمام اضلاع میں ضلعی نرسریاں قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ڈی جی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید کے مطابق ضلعی نرسریوں میں موسمی اور سجاوٹی پودے شہریوں کو ارزاں نرخوں پر فراہم کیے جائیں گے۔ سڑکوں، فٹ پاتھوں اور گرین بیلٹس پر یکساں طرز کے پلانٹرز اور گملے رکھے جائیں گے جبکہ شہروں کی لینڈ اسکیپنگ میں مقامی ضروریات کو ترجیح دی جائے گی۔ڈی جی پی ایچ اے کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی ایجنسیاں موسمی پھولوں کا کیلنڈر مرتب کریں گی۔ پی ایچ اے نے یکساں شجرکاری ماڈل اپنانے کے بجائے مقامی ضروریات کے مطابق شجرکاری کا فیصلہ کیا ہے۔شجرکاری کے منصوبے مقامی آب و ہوا اور مٹی کی مناسبت سے تیار کیے جائیں گے۔ شجرکاری میں املتاس اور بوگن ویلیا جیسی موزوں مقامی اقسام کو ترجیح دی جائے گی۔احمد عثمان جاوید نے مزید بتایا کہ منتخب ندی نالوں کے کناروں پر کٹا روکنے کے لیے بانس لگایا جائے گا، کیونکہ بانس کی مضبوط جڑیں تیز بہا میں بھی مٹی کو کٹا سے محفوظ رکھتی ہیں۔




