لاہور (بیوروچیف) لاہور میں جعلی، ٹیمپرڈ نمبر پلیٹس اور بلیک لسٹڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران ڈولفن سکواڈ نے سیف سٹی کیمروں کی نشاندہی پر 10گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق پکڑی جانے والی گاڑیوں پر ملزمان نے ای چالان سے بچنے کے لیے جعلی اور ٹیمپرڈ نمبر پلیٹس لگا رکھی تھیں، جن کی نشاندہی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کی گئی۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد کے مطابق تحویل میں لی گئی تمام گاڑیوں کو قانونی کارروائی کے لیے لاہور کے مختلف تھانوں میں بند کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔




