کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کے متعلق حکومت سے پالیسی طلب

لاہور (بیوروچیف) لاہور ہائیکورٹ نے 16سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق درخواست پر وفاقی حکومت سے پالیسی اور میکنزم طلب کر لیا ہے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے شہری حسنین العابدین کی درخواست پر سماعت کی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل سیکرٹری وزارت کامرس سلیمان مفتی، جوائنٹ سیکرٹری وزارت داخلہ ثنا اللہ، چیف لیگل ممبر کسٹم، چیف کلیکٹر پنجاب سمیت دیگر افسران ڈپٹی اٹارنی جنرل رفاقت علی ڈوگر کے ہمراہ پیش ہوئے اور رپورٹ جمع کروائی۔سماعت کے دوران عدالت نے ممبر کسٹم آپریشن سمیت دیگر افسران کے پیش نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آگئے ہیں سارے کے سارے یا نہیں آئے؟ ممبر لیگل کسٹم آئے ہیں، لیگل ایڈوائزر کسٹم نے جواب دیا۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیا ممبر لیگل کسٹم کو بلوایا تھا یا ممبر کسٹم آپریشن کو؟ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ممبر کسٹم آپریشن کو بلوایا تھا۔ لیگل ایڈوائزر کسٹم نے کہا کہ ممبر کسٹم آپریشن کراچی میں ہیں، وہاں انہیں ضروری کام تھا، چیئرمین ایف بی آر بھی کراچی میں ہیں۔ جس پر چیف جسٹس برہم ہو گئیں اور کہا کہ وہ کیوں پیش نہیں ہوئے، عدالت کو اپنے حکم کی تعمیل کروانا آتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں