بریسٹ کینسر قابل علاج’مریم نواز

لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بریسٹ کینسر سے آگاہی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں بیماری سے متعلق شعور اجاگر کرنے اور بروقت تشخیص کی اہمیت پر زور دیا ہے، انہوں نے کہا کہ کینسر کے خلاف آگاہی، احتیاط اور بروقت طبی معائنہ زندگی بچانے کے لیے نہایت ضروری ہیں، بریسٹ کینسر قابل علاج مرض ہے اور بروقت تشخیص سے علاج کے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ ان کی ہدایت پر بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے صوبے کے ہر ہسپتال میں خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا نواز شریف کینسر ہسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر میں ہر قسم کے کینسر کے علاج کو یقینی بنایا جائے گا، ہسپتال میں بریسٹ کینسر کے ہر مرحلے سمیت مختلف اقسام کے کینسر کے علاج کے لیے جدید مشینری اور ادویات فراہم کی جائیں گی جبکہ تحقیق کے لیے جدید لیبارٹری بھی قائم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کینسر کے مریضوں کو علاج کے دوران نفسیاتی اور جذباتی معاونت فراہم کرنے کے لیے سائیکاٹری ڈیپارٹمنٹ بھی قائم کیا جائے گا، بریسٹ کینسر کے مریضوں کا مستند ڈیٹا جمع کرنے سے علاج کی سہولیات مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی، حکومت پنجاب کینسر کے مریضوں کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔مریم نواز شریف کے مطابق پنجاب بھر میں لیڈی ہیلتھ انسپکٹرز بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص کے لیے ڈیٹا جمع کرکے اہم کردار ادا کر رہی ہیں، انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ جسم میں کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کو نظر انداز نہ کریں اور بروقت طبی معائنہ کروائیں، ان کا کہنا تھا کہ بریسٹ کینسر سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور بروقت تشخیص کی ترغیب دینا مشترکہ سماجی ذمہ داری ہے، حکومت پنجاب خواتین کو کینسر کی تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں