فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر منشیات فروشوں کیخلاف مہم کے دوران ایس ایچ او تھانہ پیپلزکالونی میاں واجد حسین نے بدنام زمانہ منشیات فروش محمد اخلاق کو 10 کلو سے زائد چرس سمیت پکڑ لیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے منشیات فروش کے سہولت کاروں اور منشیات سپلائی نیٹ ورک کا سراغ لگانے کیلئے تفتیش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق ایس ایچ او تھانہ پیپلزکالونی میاں واجد حسین نے مخبر کی اطلاع پر سب انسپکٹر محمد انیس’ اے ایس آئی عاشق علی’ محسن اقبال کے ہمراہ کینال روڈ مرانکو فیکٹری کے قریب چھاپہ مار کر سواری کے انتظار میں کھڑے بدنام زمانہ منشیات فروش محمد اخلاق ولد ریاست علی سکنہ 205 رب کو قابو کر کے اس کے قبضہ سے دس کلو سے زائد چرس برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا اور مزید برآمدگی اور منشیات سپلائی کا نیٹ ورک اور اس کے سہولت کاروں کی گرفتاری کیلئے بازپرس شروع کر لی ہے۔ سی پی او تنویر حسین نے ایس ایچ او تھانہ پیپلزکالونی اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کا مستقبل تباہ کرنے والے منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔




