25 ویں نیشنل نیٹ بال چیمپئن شپ کی تیاریاں شروع

اسلام آباد(سپورٹس نیوز)پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیرِ اہتمام 25ویں نیشنل مینز اینڈ ویمنز نیٹ بال چیمپئن شپ کا آغاز 23 دسمبر سے لیاقت جمنازیم، پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں ہوگا۔ پاکستان واپڈا اور کاسموپولیٹن اکیڈمکس بالترتیب مردوں اور خواتین کے مقابلوں میں اپنے، اپنے ٹائٹلز کا دفاع کریں گے۔ اس بات کا اعلان گزشتہ روز پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر محمد ثمین ملک نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے ملک بھر سے مختلف ڈیپارٹمنٹس، صوبائی اور ریجنل کی 15 ٹیموں کو مدعو کیا گیا ہے جن میں پاکستان آرمی، پاکستان ریلوے، پاکستان ایئر فورس، پاکستان نیوی، پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، ہائر ایجوکیشن کمیشن، پی این ایف اکیڈمی، کاسموپولیٹن اکیڈمکس، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر ، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کی مردوں اور خواتین کی ٹیمیں شامل ہیں۔ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے منیجرز کا اجلاس 22 دسمبر کو شام 4 بجے علامہ اقبال ہاسٹل، پاکستان اسپورٹس بورڈ میں منعقد ہوگا۔ جس میں چیمپئن شپ کے ڈراز کا اعلان اور قوانین کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ چیمپئن شپ کے سیمی فائنل مقابلے 24 دسمبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ مردوں اور خواتین دونوں کیٹیگریز کے فائنل مقابلے 25 دسمبر کو ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں