ستھرا پنجاب کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے صفائی نظام فعال بنایا جائے،ڈپٹی کمشنر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت صاف ستھرا فیصل آباد کے حقیقی ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے صفائی کے نظام کو مزید موثر اور فعال بنایا جائے، تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے صفائی کی صورتحال میں واضح بہتری یقینی بنائی جائے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ستھرا پنجاب پروگرام کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز انور علی کانجو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز رشد اقبال، ایم ڈی ستھرا پنجاب عمران شمس، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عثمان غنی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی رنگزیب گورائیہ، اسسٹنٹ کمشنر صدر فیصل شہزاد سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کو موثر بنانے کے لئے سو فیصد افرادی قوت کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور صفائی کے لئے درکار مشینری کی کمی کو فوری طور پر پورا کیا جائے۔ غیر فعال اور خراب مشینری کو فوری طور پر درست کرکے قابل استعمال بنایا جائے تاکہ فیلڈ میں صفائی کے آپریشن میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔انہوں نے ہدایت کی کہ فیلڈ میں صفائی کی صورتحال کا عملی جائزہ لیا جائے اور گلی محلوں، شاہراہوں اور دیگر عوامی مقامات پر صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے تمام متعلقہ افسران متحرک کردار ادا کریں۔ستھراپنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے انتظامات میں بہتری اور عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں