بابراعظم کی ون ڈے ٹیم میں جگہ خطرے میں ہے’ شعیب اختر

لاہور(سپورٹس نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے دعوی کیا ہے کہ بابر اعظم کی ون ڈے ٹیم میں جگہ خطرے میں ہے اور ٹیم مینجمنٹ فارمیٹ میں ان کے مستقبل پر غور کر رہی ہے۔ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شعیب اختر نے گفتگو کرتے ہوئے میزبان سے سوال کیا ہے کہ کیا وہ بابر اعظم کو ون ڈے ٹیم میں منتخب کریں گے؟ان کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ بابر اعظم کو ٹیم سے باہر کرنے کے امکان پر غور کر رہی ہے۔عالمی شہرت یافتہ فاسٹ بولر نے کہا کہ میں بابر کے حوالے سے کوئی سنسنی یا تنازع پیدا نہیں کرنا چاہتا، بابر کو کھیلنا چاہیے اور اپنی صلاحیتوں سے ثابت کرنا چاہیے کہ وہ ون ڈے کرکٹ کے لیے موزوں کھلاڑی ہیں۔سابق فاسٹ بولر نے ون ڈے کرکٹ میں عاقب جاوید کو درپیش چیلنجز کا بھی ذکر کیا اور کہا ہے کہ 50 اوورز تک بیٹنگ اور بولنگ کے تقاضے پورے کرنا ایک بڑا مسئلہ ہو گا۔شعیب اختر نے کہا ہے کہ یہ کام انتہائی مشکل دکھائی دیتا ہے، تاہم امید ہے کہ اندازہ غلط ثابت ہو۔واضح رہے کہ بابر اعظم نے دسمبر 2022 میں کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ناٹ آئوٹ 161 رنز بنانے کے بعد سے ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری اسکور نہیں کی۔ان کی آخری ون ڈے سنچری نومبر 2025 میں راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف ناٹ آئوٹ 102 رنز تھی، جو اس فارمیٹ میں ان کی 20 ویں سنچری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں