دبئی(سپورٹس نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اگلے کئی ایونٹس کے شیڈول کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے۔کرکٹ ویب سائٹ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 2028 میں شیڈول دونوں ٹی ٹونٹی ورلڈکپس کے درمیان صرف 11 دنوں کا وقفہ رکھا گیا ہے۔پاکستان میں ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 7ستمبر 2028 سے یکم اکتوبر تک کھیلا جائے گا جبکہ مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 12 اکتوبر سے 12 نومبر تک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں 12 اور مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں 20 ٹیمیں شرکت کریں گی۔آئی سی سی نے اکتوبر میں ہونے والے اجلاس کے بعد اہم ایونٹس کی تاریخوں کو ممبر بورڈز کے ساتھ شیئر کیا ہے۔ مینز اینڈ و یمنز 2028 ورلڈکپس کے ونڈو کی تاریخوں کو بھی ممبر بورڈز کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 2029 ڈبلیو ٹی سی کا فائنل انگلینڈ میں 8 سے 12 جون تک کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی نے 2030 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی ونڈو جون کی بجائے جولائی اور اگست کردی ہے۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 2027 سے 2031 کے درمیان 12 مینز 7 ویمنز اور 5 انڈر19 کے ایونٹس شیڈول ہیں۔لاس اینجلس اولمپکس کوالیفائرز جنوری اور فروری 2028 میں ہوں گے۔




