ممبئی (شوبز نیوز) بھارتی ماڈل اور سوشل میڈیا انفلوئنسر عرفی جاوید نے شہریار منور کی تعریف کرتے ہوئے دبئی میں ہونے والی اپنی ایک ملاقات کی تفصیلات شیئر کی ہیں۔سوشل میڈیا انفلوئنسر نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے تبصرے میں شہریار منور سے اپنی پہلی ملاقات کے حوالے سے دلچسپ باتیں بتائیں ۔ذرائع کے مطابق عرفی جاوید نے لکھا کہ یہ ملاقات کافی عرصہ قبل دبئی میں ہوئی تھی، اس وقت میں زیادہ مقبول نہیں تھی، ہم فلم فیئر مڈل ایسٹ کی تقریب میں شرکت کے لیے دبئی میں موجود تھے اور ایک ہی ہوٹل میں قیام پذیر تھے۔ میں نے شہریار منور سے تصویر بنوانے کی درخواست کی، تاہم اداکار نے محض تصویر بنوانے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ مجھ سے گفتگو بھی کی۔پاکستانی اداکار نے تقریبا 10 سے 15 منٹ تک مجھ سے بات کی، وہ انتہائی خوش مزاج و خوش اخلاق ہیں۔ شہریار منور کا یہ رویہ آج بھی مجھے یاد ہے، ایک چھوٹا سا حسنِ سلوک بھی لوگوں کے ذہنوں پر دیرپا تاثر چھوڑ جاتا ہے۔




