اسلام آباد(بیوروچیف) پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا تھیم پارک اسلام آباد میں تعمیر کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے لیے سعودی سرمایہ کار سرمایہ کاری کریں گے، جبکہ کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی تھیم پارک کی تعمیر کے لیے اراضی فراہم کرے گی۔ تار یخی قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کے پہلے تھیم پارک منصوبے کے معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی مہمان خصوصی تھے۔مفاہمتی یادداشت پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے دستخط کیے۔ محسن نقوی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد السعود کو مبارکباد دی۔معاہدے کے تحت سعودی عرب کے سرمایہ کار اسلام آباد میں تھیم پارک منصوبے کے لیے سرمایہ کاری کریں گے، جبکہ سی ڈی اے اس منصوبے کے لیے اراضی فراہم کریگی ۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ تھیم پارک منصوبے کے حوالے سے سعودی عرب سے آنیوالے معزز مہمانوں کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے انفرا اسٹرکچر کو جدید ترین شہروں کی طرز پر استوار کیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ تھیم پارک ایک گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا۔




