54 ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ’ واپڈا 41 میڈلز کیساتھ آگے

کراچی (سپورٹس نیوز)کراچی میں جاری 54ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں 3 روز کے مقابلوں کے بعد واپڈا نے 19 گولڈ سمیت مجموعی طور پر 41 میڈلز کے ساتھ اپنی برتری برقرار رکھی ہے،ایونٹ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن دوسرے اور پاکستان نیوی تیسرے نمبر پر ہے۔این ای ڈی یونیورسٹی میں جاری چیمپئن شپ میں تین روز کے نتائج کے مطابق واپڈا کے ایتھلیٹس نے 19 گولڈ، 11 سلور اور 11 برانز میڈلز حاصل کیے ہیں۔ہائر ایجوکیشن کمیشن 6 گولڈ، 11 سلور اور 9 برانز سمیت 26 میڈلز کے ساتھ دوسرے جبکہ پاکستان نیوی 6 گولڈ، 3 سلور اور 3 برانز سمیت 12 میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔سندھ نے ایک گولڈ، 2 سلور اور 2 برانز میڈلز حاصل کیے ہیں جبکہ پنجاب کے حصے میں 4 سلور اور 3 برانز میڈلز آئے ہیں۔خیبر پختونخوا نے ایک سلور اور ایک برانز، پولیس نے 2 برانز جبکہ پاکستان ایئر فورس نے 1 برانز میڈل جیتا ہے۔چیمپئن شپ کے تیسرے روز واپڈا، ایچ ای سی اور پاکستان نیوی کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا اور تینوں ٹیموں نے 4، 4 گولڈ میڈلز حاصل کیے۔تیسرے روز مینز میراتھون میں پاکستان نیوی کے شاہ زیب مسیح نے 2 گھنٹے 48 منٹ اور 48 سیکنڈ میں مقررہ فاصلہ طے کرکے گولڈ میڈل جیتا، سندھ کے رئیس خمار نے سلور جبکہ پولیس کے احمد نے برانز میڈل حاصل کیا۔پاکستان نیوی کی امت الرحمن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 گولڈ میڈلز اپنے نام کیے، انہوں نے خواتین کے ہیپٹاتھلون میں 3608 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ٹرپل جمپ میں 11 اعشاریہ 77 میٹر کی جمپ لگا کر ایک اور گولڈ میڈل جیتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں