کراچی (شوبز نیوز) پاکستانی ٹی وی میزبان انوشے اشرف نے شادی کے حوالے سے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے والدہ کی جانب سے کی گئی نصیحت کے بارے میں بتا دیا۔انوشے اشرف نے 40 سال کی عمر تک غیر شادی شدہ رہنے پر سامنا کیے گئے معاشرتی دبائو اور مسلسل تبصروں کے بارے میں کھل کر بات کی۔نجی نیوز چینل کے مزاحیہ شو میں گفتگو کرتے ہوئے انوشے اشرف کا کہنا تھا کہ جب آپ 40 سال کی عمر میں شادی کرتے ہیں تو لوگ یہی سوال کرتے ہیں کہ اب تک کیوں نہیں کی تھی، مجھ سے بھی لوگ پوچھتے تھے۔انوشے اشرف نے بتایا کہ ایک دفعہ ایک آنٹی نے مجھے پکڑ کر رونا شروع کر دیا اور کہا کہ میں دعائیں کرتی ہوں تمہاری جلد از جلد شادی ہو جائے، میں نے اعتراض اٹھاتے ہوئے آنٹی کو جواب دیا کہ میں کام کر رہی ہوں، پیسہ کما رہی ہوں، عزت سے رہ رہی ہوں، دنیا گھوم رہی ہوں، پڑھی لکھی ہوں۔انہوں نے بتایا کس طرح ان کی والدہ نے انہیں کسی غیر موزوں شخص کے ساتھ سمجھوتہ نہ کرنے کی ترغیب دی۔ان کا کہنا تھا کہ شادی سے پہلے میرے والد ہمیشہ میری پشت پر رہے جبکہ والدہ ہمیشہ کہتی تھیں کہ اگر کوئی لڑکا سمجھ نہ آئے تو کبھی شادی مت کرنا۔




