لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستانی آل رائونڈر شاداب خان نے سوشل میڈیا پر خود پر ہونے والی تنقید پر اپنے ردِعمل کا اظہار کر دیا۔انہوں نے لاہور میں انگلینڈ کے خلاف سنسنی خیز میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اب تنقید کا نشانہ بننے کی عادت ہو گئی ہے کیونکہ لوگ میری کارکردگی سے قطع نظر تنقید کرتے رہتے ہیں۔ شاداب خان کا کہنا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران میری کارکردگی اچھی نہیں رہی جس کی وجہ سے ناصرف مجھے بلکہ ٹیم مینجمنٹ کو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے مشکل وقت میں خود پر اعتماد برقرار رکھنے پر ٹیم مینجمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔پاکستانی آل رائونڈر نے کہا کہ ایک پیشہ ور کھلاڑی کی حیثیت سے میں ہمیشہ اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔




