لاہور(سپورٹس نیوز)سہ ملکی سیریز کے فائنل میں کامیابی کے بعد پاکستانی کرکٹرز عرفات منہاس اور سعد بیگ نے پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے جیت پر خوشی کا اظہار کیا۔ عرافات منہاس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس بڑے اہداف حاصل کرنے کی صلاحیت موجود ہے، جبکہ سعد بیگ نے اپنی کارکردگی کو اہلخانہ کے نام کردیا۔عرافات منہاس نے کہا کہ ہدف کے تعاقب میں انہیں ایک دوسرے کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد تھا۔ کریز پر مسلسل بات چیت اور باہمی اعتماد کی بدولت ہدف حاصل کرنے میں کامیابی ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ سہ ملکی سیریز کا فائنل جیتنا ان کے لیے یادگار لمحہ ہے اور وہ ٹیم کی کامیابی پر بہت خوش ہیں۔دوسری جانب سعد بیگ نے کہا کہ گزشتہ دو سے تین میچوں میں اچھی شروعات کے باوجود وہ اپنی اننگز کو بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کر سکے تھے، تاہم فائنل میں ان کی کوشش تھی کہ زیادہ سے زیادہ دیر کریز پر رہیں اور بڑی اننگز کھیلیں۔سعد بیگ کا کہنا تھا کہ فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کی، جس سے ان کے لیے کھیلنا آسان ہوگیا۔ انہوں نے سیریز میں اپنی تمام پرفارمنس اہلخانہ کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ان کے گھر والوں نے ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی اور بھرپور حمایت کی ہے۔ ان کے مطابق اہلخانہ فائنل دیکھنے اسٹیڈیم آئے تھے اور انہیں خوشی ہے کہ انہوں نے میچ سے لطف اٹھایا۔




