لاہور(شوبز نیوز)پاکستانی نژاد امریکی اداکار فاران طاہر نے مارول اسٹوڈیوز کی سیریز ویژن کویسٹ میں واپسی کرلی ہے۔ اداکار سیریز کی چھٹی قسط میں ایک بار پھر رضا نامی کردار میں نظر آئے ہیں۔فاران طاہر نے 2008میں ریلیز ہونے والی فلم آئرن مین میں رضا کا کردار ادا کیا تھا، جس نے فلم میں ٹونی اسٹارک کو اغوا کیا تھا۔ اب تقریبا 18 سال بعد اداکار اسی کردار کے ساتھ دوبارہ مارول کی دنیا میں دکھائی دیے ہیں، تاہم اس بار ان کا حلیہ پہلے سے مختلف ہے۔سیریز کی نئی قسط میں فاران طاہر اپنے مسلح ساتھیوں کے ہمراہ ویژن کو پکڑنے کی کوشش کرتے نظر آتے ہیں۔مارول کی دنیا میں فاران طاہر کی واپسی ان کے مداحوں کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ پاکستانی نژاد اداکار ہالی ووڈ کی مختلف فلموں اور ٹی وی منصوبوں میں کام کرکے بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بنا چکے ہیں۔




