بھیک کی رقم کم لانے پر ظالم چچا نے یتیم بھتیجی کو آگ لگا دی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)بھیگ مانگ کر رقم کم لانے پر سفاک چچا نے10سالہ یتیم بھتیجی کو پٹرول ڈال کر آگ لگا دی ، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے ظالم چچا کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق تھانہ صدر تاندلیانوالہ کے ایس ایچ او سہیل اسلم طور کو اطلاع ملی تھی کہ 309گ ب جلہ چوک میں 10سالہ بچی نشا کو کسی نے پٹرول ڈال کر آگ لگادی ہے جب وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچا تو مجاہد نامی شخص نے بتایا کہ مضروبہ نشا دختر نثار کا ہمسایہ ہے، نشا تین بین بھائی ہیں ان کے والدین فوت ہو چکے ہیں، نشا اپنے چچا عامر ولد مشتاق اور چچی سونیا کے پاس رہتی ہے وہ اکثر بچی پر تشدد کرتے اور بھیگ منگواتے ہیں گزشتہ روز وہ بھیک مانگ کر رقم کم لائی تو وہ مشتعل ہو گئے ،تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے بچی کے جسم پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی ، جس کے باعث بچی کا جسم بری طرح جھلس گیا، چچا چچی بچی کو تڑپتا چھوڑ کر فرار ہو گئے، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا، تاہم ایس ایچ او تھانہ صدر تاندلیانوالہ سہیل اسلم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ٹیکنیکل وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ظالم چچا عامر مشتاق کو گرفتار کر کے شامل تفتیش کر لیا۔ سی پی او تنویر حسین کا10سالہ بھتیجی پر ظلم کرنے والے چچا کو گرفتار کرنے پر ایس ایچ او اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں