بیچنگ(مانیٹرنگ ڈیسک)چین کی 132 ارب ڈالر کی کلین ٹیکنالوجی سرمایہ کاری نے عالمی ماحولیاتی منظرنامہ بدل دیا، چین ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی مالی معاونت میں امیر ممالک کے برابر پہنچ گیا ہے۔چین نے گزشتہ سال ترقی پذیر ممالک کو 132 ارب ڈالر مالیت کی ماحول دوست ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری فراہم کرکے عالمی توانائی کی منتقلی میں غیر معمولی کردار ادا کیا، جس کی مالیت امیر ممالک کی جانب سے 2024 میں فراہم کردہ 137 ارب ڈالر کی موسمیاتی مالی معاونت کے تقریبا برابر ہے۔چین کی بھاری سرکاری سبسڈیز سے پروان چڑھنے والی گرین مینوفیکچرنگ صنعت نے شمسی پینلز، بیٹریوں، الیکٹرک گاڑیوں اور ونڈ ٹربائنز کی عالمی منڈی میں غیر معمولی برتری حاصل کرلی ہے۔چین کی جانب سے ترقی پذیر ممالک کو فراہم کی جانے والی کلین ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کا حجم عالمی موسمیاتی مالی معاونت کے روایتی نظام کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جارہا ہے ۔مزید دریافت کریں۔رائٹرز کے مطابق چین نے گزشتہ سال ترقی پذیر ممالک کو مجموعی طور پر 132 ارب ڈالر مالیت کی ماحول دوست ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری فراہم کی، جو کسی بھی دوسرے ملک کی جانب سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی کے لیے دی جانے والی سب سے بڑی معاونت ہے۔چین کی گرین ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے والے ترقی پذیر ممالک میں پاکستان بھی نمایاں طور پر شامل ہے، جہاں شمسی توانائی کے استعمال میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان نے گزشتہ سال چین سے 17 گیگاواٹ صلاحیت کے سولر پینلز درآمد کیے، جو عالمی توانائی کے شعبے میں ایک غیر معمولی پیش رفت ہے۔توانائی کے شعبے کے تحقیقی ادارے ایمبر کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کی یہ درآمدات تقریبا اتنی ہی تھیں جتنی جرمنی نے اسی سال اپنے ملک میں شمسی توانائی کی تنصیب کے لیے حاصل کیں۔پاکستان میں ان سولر پینلز کی تنصیب سے نہ صرف کاربن کے اخراج میں کمی آئے گی بلکہ ایسے ملک کو سستی اور نسبتا قابل اعتماد بجلی بھی میسر آسکے گی جہاں بجلی کی فراہمی اکثر مسائل کا شکار رہتی ہے۔رائٹرز کے کسٹمز ڈیٹا پر مبنی تجزیے کے مطابق گزشتہ سال چین کی برآمد کردہ سولر پینلز اور ان کی تیاری میں استعمال ہونے والے سولر سیلز کا تقریبا دو تہائی حصہ ترقی پذیر ممالک کو فراہم کیا گیا۔یہ رجحان ظاہر کرتا ہے کہ چین کی ماحول دوست ٹیکنالوجی اب صرف صنعتی طور پر ترقی یافتہ ممالک تک محدود نہیں رہی بلکہ پاکستان سمیت ترقی پذیر دنیا میں بھی توانائی کے نظام کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔




