پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں ریکارڈ اضافہ

اسلام آباد(بیوروچیف)پاکستان کیزرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 110 ملین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 26.846ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 26.754 ارب ڈالر تھے جن میں ایک ہفتے کے دوران 11کروڑ ڈالر اضافہ ہوا۔اسٹیٹ بینک کے اپنے ذخائر میں 3 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ ذخائر میں بھی بہتری آئی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق فروری 2026 میں مغربی ایشیا ء میں تنازعہ شروع ہونے کے بعد سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 5 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ مرکزی بینک کے اپنے ذخائر فروری میں 16.568ارب ڈالر تھے جو 30 اکتوبر تک بڑھ کر 21.56ارب ڈالر ہو گئے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری سے روپے کی قدر کو مستحکم رکھنے میں مدد ملی ہے جبکہ برآمد کنندگان کو بھی اپنی آمدن بروقت پاکستان منتقل کرنے کے حوالے سے اعتماد حاصل ہوا ہے۔زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے باوجود ملک کو اب بھی تجارتی خسارے کا سامنا ہے۔ مالی سال 2027 کے پہلے چار ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 14.6 ارب ڈالر رہااس عرصے میں درآمدات کا حجم 26 ارب ڈالر جبکہ برآمدات 11.4 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔مالیاتی تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستانی روپے کے استحکام اور زرمبادلہ کی دستیابی میں بہتری کی بڑی وجوہات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں اضافہ شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں