فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر)چیئرمین پروفیسر رانا بنیامین نے آپ ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے جدید ڈیجیٹل وژن کے تحت بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے مالیاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے براہِ راست آن لائن ادائیگیوں کا نظام کامیابی سے نافذ کر دیا ہے۔رانا بنیامین نے کہا کہ اس نئے نظام کے تحت بورڈ ملازمین کیتنخواہوں، وینڈر پے منٹس، امتحانی ڈیوٹیوں پر مامور سپروائزری اسٹاف اور امتحانی عملے کے معاوضوں کی ادائیگیاں براہِ راست آن لائن کی جا رہی ہیں۔ ملازمین کی تنخواہوں کی آن لائن ادائیگی کا سلسلہ گزشتہ دو ماہ سے جاری ہے۔آن لائن ادائیگیوں کے دائرہ کار میں سپرنٹنڈنٹس، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس، انویجی لیٹرز، ریزیڈنٹ انسپکٹرز، موبائل انسپکٹرز سمیت امتحانی عملے کے معاوضے بھی شامل ہیں۔ اسی طرح ہیڈ ایگزامینرز، پریکٹیکل ایگزامینرز، سب ایگزامینرز، پیپر سیٹرز اور پیپر چیکرز کو بھی ادائیگیاں براہِ راست آن لائن کی جا رہی ہیں۔اس جدید ڈیجیٹل اقدام سے مالیاتی امور میں شفافیت، ادائیگیوں کے عمل میں تیزی اور بروقت رقوم کی منتقلی یقینی بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ بورڈ سے وابستہ ملازمین، وینڈرز اور امتحانی عملے کو بھی سہولت حاصل ہوگی۔پروفیسر رانا بنیامین کا مزید کہنا ہے کہ تعلیمی بورڈ فیصل آباد کا یہ اقدام ادارے کو پیپر لیس اور جدید ڈیجیٹل نظام کی جانب منتقل کرنے کے سلسلے کی اہم پیش رفت ہے۔




