گزشتہ 2 دہائیوں سے فاسٹ بولنگ زوال پذیر ہے’ شعیب اختر

لاہور (سپورٹس نیوز) سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کا کہنا ہے کہ میرے بچے کرکٹ نہیں دیکھتے، بیٹا تو کہتا ہے کہ پاکستان ٹیم میں جارحیت نظر نہیں آتی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کرکٹ کے کھیل کے قوانین اور حالات میں کی گئی تبدیلیوں پر تنقید کی۔انہوں نے دلیل دی کہ کھیل کو اس طرح ڈھالا گیا ہے کہ یہ بلے بازوں کے لیے تو سازگار ہو گیا ہے لیکن اس کا نقصان فاسٹ بولرز کو اٹھانا پڑ رہا ہے، یہ کھیل ختم ہو رہا ہے گزشتہ 20 سالوں سے یہ زوال کی طرف گامزن ہے، انہوں نے دو نئی گیندوں کے استعمال اور دیگر قواعد میں تبدیلیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات نے فاسٹ بولنگ کے اثر و رسوخ کو کم کر دیا ہے۔سابق فاسٹ بولر نے اس بات پر بھی سوال اٹھایا کہ کیا پاکستان اب ایسے کرکٹ ہیروز پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جو نئی نسل کو متاثر کر سکیں، بابر اعظم کی موجودگی کا اعتراف کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ ملک میں اب ایسی اسپورٹنگ شخصیات سامنے نہیں آرہیں جو نوجوان شائقین کو کھیل کی طرف راغب کر سکیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے اپنے بچے بھی کرکٹ نہیں دیکھتے ان کے ایک بیٹے نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ اسے پاکستانی ٹیم میں جارحیت کی کمی پر مایوسی ہوتی ہے۔انٹرویو کے دوران شعیب اختر نے اپنے دور کھیل میں ہونے والی بال ٹیمپرنگ کے بارے میں بھی کھل کر بات کی، انہوں نے بتایا کہ گیند کی حالت تبدیل کرنے کے لیے بوتل کے ڈھکنوں کا استعمال کیا جاتا تھا۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں ہم سینڈ پیپر (ریگ مال) کے بجائے بوتل کے ڈھکن استعمال کیا کرتے تھے۔سابق فاسٹ بولر نے وضاحت کی کہ ریورس سوئنگ حاصل کرنے کے لیے مختلف طریقے اپنائے جاتے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں