پاک قطرتکافل کی پاکستان میں اسلامی انشورنس کے فروغ کیلئے خدمات قابل قدر ہیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)پاک قطر تکافل نے پاکستان میں اسلامی انشورنس کے فروغ کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔ ادارے کی مسلسل محنت، عزم اور پیشہ ورانہ کاوشوں کے نتیجے میں کاروباری برادری کو شرعی اصولوں کے مطابق انشورنس کوریج حاصل کرنے کے بہتر مواقع میسر آئے ہیں۔یہ بات فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق صدر میاں محمد ادریس نے اسلامک بینکنگ اور تکافل کے حوالے سے منعقدہ آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر کے صدر اور انتظامیہ کو کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی تکافل کا تصور پاکستان میں متعارف کروانا اور کارپوریٹ سیکٹر کا اعتماد حاصل کرنا ایک مشکل اور طویل عمل تھا۔ اس مقصد کے لیے مسلسل محنت، عملی اقدامات اور وقت کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنا ضروری تھا۔ پاک قطر تکافل نے گزشتہ 19 برسوں میں اپنی کارکردگی اور عزم سے یہ ثابت کیا ہے کہ یہ محض کاروبار یا منافع کمانے کا منصوبہ نہیں بلکہ ایک مشن اور جذبہ ہے۔میاں محمد ادریس نے اپنے ذاتی تجربات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدا میں انہیں بھی تکافل کے حوالے سے کئی خدشات اور تحفظات تھے، تاہم وقت کے ساتھ یہ اعتماد پیدا ہوا کہ اسلامی اصولوں کے مطابق کاروبار اور اثاثوں کا تحفظ ممکن ہے۔ ماضی میں بڑی انشورنس کمپنیاں بھی تکافل کی سہولت فراہم کرنے سے معذرت کر لیتی تھیں یا اپنی محدود استعداد اور ری انشورنس کی گنجائش کو رکاوٹ قرار دیتی تھیں، لیکن آج صورتحال نمایاں طور پر بہتر ہو چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان کے کیمیکل اور دیگر کاروبار کی تقریباً 70 سے 80 فیصد انشورنس اب شریعہ کمپلائنٹ تکافل کے ذریعے ہو رہی ہے، جبکہ باقی 20 سے 30 فیصد کوریج روایتی انشورنس کے ذریعے حاصل کی جا رہی ہے، جس کی بنیادی وجہ بعض شعبوں میں تکافل کمپنیوں کی محدود استعداد اور ری انشورنس کی گنجائش ہے۔ تاہم خوش آئند امر یہ ہے کہ پاک قطر تکافل ہر سال اپنی صلاحیت اور کوریج میں اضافہ کر رہا ہے۔میاں محمد ادریس نے کہا کہ ماضی میں اسلامی مالیاتی سہولیات اختیار کرنے کے خواہش مند افراد کے پاس دستیابی اور نظام کی عدم موجودگی کا عذر موجود تھا لیکن آج الحمدللہ اسلامی بینکاری اور تکافل کی سہولیات دستیاب ہیں۔ اب کاروباری برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان سہولیات کو سمجھے، ان سے فائدہ اٹھائے اور اپنے کاروبار کو اسلامی اصولوں کے مطابق چلانے کی کوشش کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد چیمبر کی جانب سے ایسے آگاہی پروگرامز کا انعقاد کاروباری برادری کی ایک اہم خدمت ہے، کیونکہ اس سے ممبران کو روایتی اور اسلامی مالیاتی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل ہوتی ہیں اور وہ اپنی ضروریات کے مطابق بہتر فیصلے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیمبر آئندہ بھی اس نوعیت کے پروگرام منعقد کرتا رہے گا تاکہ کاروباری افراد کو دستیاب سہولیات سے آگاہ کیا جا سکے۔میاں محمد ادریس نے پاک قطر تکافل کے چیئرمین، بورڈ آف ڈائریکٹرز اور پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ اس پروگرام کا ابتدائی تصور عملی شکل اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے مفتی محمد حسان کلیم کے جذبے، پیش قدمی اور فعال کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عارف احسان ملک نے پاک قطر تکافل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد چیمبر اس کے متعارف کردہ اسلامی مالیاتی ماڈل اور سہولیات کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کرے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آج کا آگاہی سیشن آخری نہیں ہوگا بلکہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ مزید برآں، ان سیشنز اور معلومات کو فیصل آباد چیمبر کی 130 سے زائد تجارتی و صنعتی ایسوسی ایشنز تک پہنچایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ کاروباری افراد ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔عارف احسان ملک نے پاک قطر تکافل کی انتظامیہ سے درخواست کی کہ اپنی مصنوعات اور اسلامی مالیاتی سہولیات کو مزید سادہ، آسان اور قابلِ فہم بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری حلقوں سے یہ رائے بھی سامنے آتی رہتی ہے کہ بعض اسلامی مالیاتی مصنوعات روایتی نظام کے مقابلے میں زیادہ پیچیدہ اور مہنگی ہوتی ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ مارکیٹ کی ضروریات اور مسابقت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسلامی مالیاتی سہولیات کو آسان اور قیمت کے اعتبار سے بھی مسابقتی بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کاروباری افراد انہیں اپنا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان بھی اسلامی بینکاری کے فروغ اور روایتی بینکاری سے بتدریج اسلامی نظام کی طرف منتقلی کے لیے اقدامات کر رہا ہے، جس سے مستقبل میں اسلامی مالیاتی اداروں کے لیے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ فیصل آباد چیمبر اس مقصد کے لیے پاک قطر تکافل اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ تعاون جاری رکھے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک قطر فیملی تکافل لمیٹڈ کے شریعہ ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین مفتی محمد حسا ن کلیم نے کہا ہے کہ اسلامی مالیات کا بنیادی مقصد کاروباری اور مالیاتی معاملات کو قرآن و سنت کے اصولوں کے مطابق ڈھالنا ہے۔ اسلامی مالیاتی نظام محض تجارتی فوائد یا کم لاگت سہولیات کا نام نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کے احکامات پر عمل کرنے کا ذریعہ ہے۔ آج الحمدللہ کاروباری برادری کی مالیاتی ضروریات کے لیے اسلامی اصولوں کے مطابق مختلف حل اور سہولیات دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابط حیات ہے جس میں عبادات کے ساتھ کاروبار، تجارت اور مالی معاملات کے لیے بھی واضح رہنمائی موجود ہے۔ قرآن مجید میں ربا کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے، لہٰذا مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے کاروباری اور مالیاتی معاملات کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ترتیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی مالیاتی مصنوعات کو بھی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق مسابقتی ہونا چاہیے اور محض اسلامی نام کی بنیاد پر صارفین پر اضافی مالی بوجھ نہیں ڈالنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی بینکاری اور تکافل کے شعبوں میں مزید ترقی کی ضرورت ہے۔ بالخصوص روایتی انشورنس کمپنیوں کو تکافل میں تبدیل کرنے کے عمل میں کئی عملی رکاوٹیں موجود ہیں۔ اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان، ایس ای سی پی اور اسلامی بینکوں کے شریعہ بورڈز کے ساتھ رابطہ کرکے مسائل کے حل اور تکافل انڈسٹری کی استعداد سے آگاہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔مفتی محمد حسان کلیم نے مزید کہا کہ اسلامی مالیاتی نظام میں چھوٹے کاروباروں اور افراد کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھی مختلف سہولیات موجود ہیں جبکہ مائیکرو فنانس کے شعبے میں بھی اسلامی بنیادوں پر کام آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر اور پاک قطر تکافل کی جانب سے اس آگاہی سیشن کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کو اپنے روزمرہ مالیاتی اور تجارتی معاملات میں شرعی اصولوں سے متعلق آگاہی حاصل کرنی چاہیے۔اس موقع پر سوال وجواب کی نشست بھی ہوئی۔ سینئر نائب صدر میاں محمد سعید نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں سینئر نائب صدر میاں محمد سعید نے مفتی محمد حسان کلیم کو چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اِس موقع پرPQFTL کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وقاص احمد ، ایگزیکٹو ممبران محمد اظہر چوہدری، تنویر احمد آفاق ، محمد آصف اورمحمد عمر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں