تہذیبی مکالمہ باہمی افہام وتفہیم کے فروغ کا اہم موقع (اداریہ)

پائیدار امن کے لیے مکالمہ’ برداشت اور باہمی احترام ناگزیر ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان اختلافات اپنی جگہ موجود ہیں، تاہم ان کے حل کے لیے سفارتی رابطوں’ سنجیدہ مذاکرات اور تہذیبی مکالمے کے دروازے کھلے رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حالیہ جنگ کے بعد وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی وماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک کا بھارت کا دورہ اسی تناظر میں اہمیت رکھتا ہے۔ ڈاکٹر مصدق ملک شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمے کے فورم میں شرکت کیلئے دہلی پہنچے۔ مئی 2026ء میں پاکستان اور بھارت کے درمیان فوجی تصادم کے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا یہ پہلا دورہ بھارت ہے۔ اس چار روزہ فورم کا مقصد مختلف تہذیبوں کے درمیان مکالمے’ ثقافتی تفہیم اور باہمی روابط کو فروغ دینا ہے۔ جس میں پاکستانی وزیر کی شرکت اس بات کی عکاس ہے کہ پاکستان علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر تعمیری مکالمے اور تعاون کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے۔ نئی دہلی میں چار روزہ تہذیبی مکالمے کا فورم’ مودی بھی اجلاس سے خطاب کرینگے، عوامی روابط اور ثقافتی تعاون پر بات ہو گی، تہذیب وتمدن کے موضوع پر کثیرالجہتی مکالمے میں شرکت پاکستان کے لیے ایک غیر معمولی موقع ہے۔ ثقافتیں اور تہذیبیں کسی جغرافیائی سرحد کی پابند نہیں ہوتیں۔ پاکستان اور بھارت سمیت خطے کے تمام ممالک کے درمیان تہذیبی روابط کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مختلف تہذیبوں کے درمیان مکالمہ خطے کے ممالک کو قریب لانے میں مددگار ہے۔ یہ امر خوش آئند ہے کہ خطے کے ممالک کو اپنی مشترکہ تاریخ’ جغرافیے ثقافت اور تہذیبی ورثے پر تبادلہ خیال کا موقع مل رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یکسانیت کے لیے مکالمے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ مکالمہ دراصل تنوع کو سمجھنے’ اختلافات کا احترام کرنے اور ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو جاننے کا نام ہے۔ آثار قدیمہ کی کھدائیوں سے بھی خطے کی مشترکہ تہذیبوں اور تاریخی روابط کے واضح شواہد ملتے ہیں جو اس حقیقت کی عکاسی کرتے ہیں کہ پاکستان’ بھارت’ چین’ روس اور وسطیٰ ایشیائی ریاستوں کا ماضی ایک دوسرے سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔ تہذیبی مکالمہ فورم خطے کے ممالک کو مشترکہ تاریخ اور ثقافت کی بنیاد پر ایک دوسرے کے قریب آنے اور باہمی افہام وتفہیم کے فروغ کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ بلاشبہ جنگ کے بعد تہذیبی مکالمے کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ ڈاکٹر مصدق ملک کا دورہ بھارت کی فوری سفارتی تبدیلی کی ضمانت نہیں، لیکن یہ مکالمے اور باہمی تفہیم کے لیے ایک اہم موقع ضرور ہے۔ اگر ایسے مواقع کو سنجیدگی’ حقیقت پسندی اور تعمیری سوچ کے ساتھ ساتھ آگے بڑھایا جائے تو خطے میں اعتماد سازی اور امن کے امکانات کو تقویت مل سکتی ہے۔ تہذیبوں کے درمیان گفتگو’ اختلافات کے باوجود احترام اور مشترکہ مسائل کے حل کی کوشش ہی ایک پُرامن اور خوشحال جنوبی ایشیا کی بنیاد بن سکتی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ تہذیبی مکالمے کے جذبے کو عملی تعاون’ بہتر سفارتی رابطوں اور علاقائی امن کے وسیع تر مقصد سے جوڑا جائے۔ پاکستان اور بھارت کے عوام ایک ایسے مستقبل کے مستحق ہیں جس میں ترقی کے مواقع میسر ہوں، معاشی تعاون کو فروغ ملے اور خطے کی صلاحیتیں انسانی فلاح کے لیے استعمال کی جا سکیں، باہمی احترام’ ذمہ دارانہ رویے اور مسلسل کوششوں کے ذریعے اس مقصد کی جانب پیش رفت ممکن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں