احتجاج نظر انداز،کوڑا ٹیکس مستقل عائد

لاہور (بیوروچیف) کوڑا ٹیکس کی بلنگ اور وصولی کے حوالے سے محکمہ ایکسائز نے بڑا فیصلہ کرلیا۔ آئندہ سینی ٹیشن فیس کے علیحدہ بل جاری کرنے کی بجائے اسے پراپرٹی ٹیکس کے چالان میں شامل کرکے وصول کیا جائے گا۔ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ کے مطابق یکم جنوری سے سینی ٹیشن فیس پراپرٹی ٹیکس کے بل میں ضم کرکے جاری کی جائے گی۔ رواں سال یکم اکتوبر سے سینی ٹیشن فیس کے بل علیحدہ جاری کیے جا رہے تھے، جن کے تحت اب تک32لاکھ بل جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ 10کروڑ روپے سے زائد وصولیاں ہو چکی ہیں۔ڈی جی ایکسائز نے موٹر ٹیکس کی وصولی یقینی بنانے کے لیے ٹوکن ٹیکس کی مد میں50فیصد جرمانے کے ساتھ وصولیاں کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ پراپرٹی ٹیکس کا مقررہ ہدف حاصل کرنے کے لیے نادہندگان کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں کی جائیں گی۔انہوں نے واضح کیا کہ ماہانہ ریکوری کا ہدف پورا نہ کرنے والے ای ٹی اوز اور انسپکٹرز کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی ہوگی۔اس حوالے سے ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ نے ڈائریکٹرز کانفرنس میں تمام ڈائریکٹرز کو ریکوری کے اہداف سونپ دیے۔ کانفرنس میں سیکرٹری ایکسائز مسعود مختار بسرا، ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ اور دیگر ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے اپنی جماعت (ن) لیگ کے سرکردہ رہنمائوں’ اراکین اسمبلی اور صنعتی وتجارتی تنظیموں کے احتجاج کو نظرانداز کرتے ہوئے کوڑا ٹیکس کی وصولی کو مستقل بنا دیا ہے، اس حوالے سے اہم فیصلہ کر لیا گیا ہے، یکم جنوری سے کوڑا ٹیکس کو پراپرٹی ٹیکس میں شامل کر دیا جائیگا۔ قبل ازیں کوڑا ٹیکس ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے وصول کرنا تھا جس کے بلز الگ سے بھجوائے جا رہے تھے جس پر فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں شدید احتجاج کیا گیا، فیصل آباد کے تاجروں وصنعتکاروں کے ایک وفد نے وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اﷲ خاں سے ملاقات کر کے انہیں کوڑا ٹیکس کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، جنہوں نے ڈویژنل کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو یہ مسئلہ حل کرنے کا کہا تھا، ڈپٹی کمشنر اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے عملہ کی میٹنگز بھی ہوئی مگر کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔ اس سلسلے میں سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) نے کوڑا ٹیکس کو یکسر مسترد کرتے ہوئے شٹرڈائون ہڑتال کا اعلان کیا، دو روز قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے صنعتی وتجارتی تنظیموں کے نمائندوں کو بلا کر کوڑا ٹیکس مسترد کرنے کا اعلان کیا مگر ان تمام باتوں کے باوجود کوڑا ٹیکس کا نفاذ رُک نہ سکا اور اب وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے کوڑا ٹیکس کو پراپرٹی ٹیکس میں شامل کر کے اسے مستقل بنا دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں