PTIکی فوج مخالف مہم،مذاکرات کو دھچکا

اسلام آباد (بیوروچیف) بیک چینل مذاکرات بحال کرانے کی کوششوں میں مصروف تحریک انصاف کے رہنما پارٹی کے آفیشل ایکس (ٹوئٹر) اکائونٹ پر جاری کیے جانے والے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کیخلاف جارحانہ بیان پر مایوس نظر آتے ہیں۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ جارحانہ ٹویٹ اور کچھ دیگر متنازع مواد کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ یہ صورتحال تحریک انصاف کیلئے ایک دھچکے سے کم نہیں کیونکہ ایک طرف پارٹی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بات چیت کیلئے کوشاں ہے تو دوسری طرف فوج مخالف مہم چلا رہی ہے اور آرمی چیف پر ذاتی حملے کر رہی ہے۔ ٹویٹ پر ردعمل نے مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے ان رہنمائوں کو پریشان کر دیا ہے جو جیل میں قید پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان کی رضامندی سے اب بھی غیر رسمی بات چیت کے ذریعے مفاہمت کیلئے اصرار کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اس تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ ہیں۔ گنڈا پور اور بیریسٹر گوہر بیک چینل بات چیت میں مصروف رہے ہیں اور اب مبینہ طور پر ان طاقتوں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی نئی کوششیں کر رہے ہیں۔ تاہم، پارٹی میں یہ احساس تقویت حاصل کر رہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ پر تنقید کرتے ہوئے بات چیت کیلئے کوششیں کرنے کا دوہرا معیار کارگر ثابت نہ ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں