فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر عابد رشید نے تمام فیسکو افسران اور ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ ریجن میں آپریشنل صورتحال کی مسلسل نگرانی کے ساتھ بجلی کی محفوظ اور بلاتعطل فراہمی کے لیے تمام ضروری اور احتیاطی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین، عوام الناس، جانوروں اور املاک کو بجلی کے ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنا ہماری اولین ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انجینئر عابد رشید نے کہا کہ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں اور بجلی کے معاملے میں معمولی بے احتیاطی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ محفوظ بجلی کی فراہمی کے ساتھ صارفین کو اس کے درست اور محتاط استعمال سے آگاہ کرنا بھی فیسکو کی ذمہ داری ہے۔چیف ایگزیکٹو فیسکو نے صارفین سے اپیل کی کہ گھروں، دکانوں اور دیگر عمارتوں کی اندرونی وائرنگ کا باقاعدہ معائنہ صرف لائسنس یافتہ اور مستند الیکٹریشن سے کروائیں اور ناقص، بوسیدہ یا کھلی تاروں کو فوری تبدیل کروائیں۔ بجلی کے ساکٹس، سوئچ بورڈز اور ایکسٹینشن بورڈز پر گنجائش سے زیادہ برقی آلات استعمال نہ کیے جائیں۔ مناسب ارتھنگ اور حفاظتی بریکرز کی تنصیب و درست کارکردگی بھی مستند الیکٹریشن سے چیک کروائی جائے۔ گیلے ہاتھوں سے سوئچ، پلگ یا برقی آلات کو چھونے اور پانی یا نمی والی جگہوں پر برقی آلات استعمال کرنے سے گریز کیا جائے۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ بچوں کو بجلی کے خطرات سے آگاہ کریں اور انہیں بجلی کی تنصیبات کے قریب کھیلنے سے روکیں۔ ساکٹس میں ڈالے جا سکنے والے دھاتی اور نوکیلے سامان کو بچوں کی پہنچ سے دور رکھا جائے اور غیر استعمال شدہ ساکٹس پر مناسب حفاظتی کور لگوائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں میں احتیاط کی عادت پیدا کرنا ان کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے نہایت ضروری ہے۔انجینئر عابد رشید نے کہا کہ صارفین اپنی موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں ٹرانسفارمرز یا بجلی کی لائنوں کے نیچے کھڑی کرنے سے گریز کریں جبکہ جانوروں کو بجلی کے کھمبوں، ٹاورز اور سٹے وائر کے ساتھ یا قریب نہ باندھیں۔ بجلی کے کھمبوں اور دیگر تنصیبات کے ساتھ کپڑے سکھانے کے لیے تاریں باندھنے یا ان پر کوئی سامان لٹکانے سے بھی اجتناب کیا جائے۔ تعمیراتی کام کے دوران سریا، لوہے کے پائپ، سیڑھیاں اور دیگر طویل اشیا بجلی کی لائنوں کے قریب لے جانے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، ٹرانسفارمرز، نیچی یا لٹکتی ہوئی تاروں اور بجلی کی لائنوں پر گرے ہوئے درختوں سے دور رہیں۔ ایسی صورتحال میں خود بھی محفوظ فاصلے پر رہیں، دوسروں کو بھی قریب جانے سے روکیں اور فوری طور پر فیسکو کو اطلاع دیں۔چیف ایگزیکٹو فیسکو نے عوام الناس سے اپیل کی کہ بجلی سے متعلق کسی بھی خطرناک صورتحال یا شکایت کی صورت میں فوری طور پر بجلی کے بل پر درج متعلقہ سب ڈویژن کے نمبرز، ٹول فری ہیلپ لائن،ٹول فری نمبر 0800-66554،ہیلپ لائن118یا فیسکو ہیڈکوارٹرزکے کمپلینٹ سنٹر کے نمبرز 0419220290 اور 0419220618پر رابطہ کریں۔ شکایت درج کرواتے وقت درست مقام، قریبی نمایاں نشانی اور رابطہ نمبر فراہم کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ فیسکو انتظامیہ ریجن میں انجری فری کلچر کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے افسران، ملازمین اور صارفین سب کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اپنی اور دوسروں کی زندگی کی حفاظت کے لیے بجلی سے متعلق کسی بھی خطرے کو معمولی نہ سمجھیں۔ بروقت اطلاع، ذمہ دارانہ رویہ اور حفاظتی اصولوں کی پابندی قیمتی جانیں بچا سکتی ہے۔




