فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)حکومت وقت قومی مفاد میں فیسکو کمپنی کی مجوزہ نجکاری پر نظر ثانی کریں بلکہ ڈسکوز کو ختم کرکے واپڈا کو بحال کرے ۔ اپنے ملک کے انجینئرز اور ملازمین پر اعتبار کرے ۔ بجلی چوری کا قلع قمع اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے ریکوری کے لیے عدلیہ ، انتظامیہ اور ایف آئی اے کو کمپنی کا ساتھ دینے کے لیے مزید متحرک کیا جائے۔فیسکو کمپنی کی آمدن بغیر بجلی حاصل کیے Capacity چارجز کی مد میں دی جانے والی رقم پر نظر ثانی کی جائے اور بجلی ہائیڈرل منصوبوں کے ذریعے پیدا کی جائے ، لوگوں کو سستی بجلی مہیا کریں تاکہ صنعت کا پہیہ چلے اور گھریلو، کمرشل ، صنعت سب کا بل کم کریں تاکہ لوگوں کی مشکلات میں کمی آئے۔یہ باتیں ریجنل چئیرمین آل پاکستان واپڈا ہائیڈروورکرز یونین چوہدری سرفراز ہندل نے نجکاری کے خلاف نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے بچوں کو ریگولر کیا جائے اور خالی آسامیوں پر ریگولر بھرتی کریں ۔انھوں نے کہا کہ فیسکو کے 54لاکھ صارفین کو سروس دینے کے لیے 53ہزار ملازمین اور ایک ہزار آفیسرز درکار ہیں لہذا اس کمی کو پورا کریں اور ملازمین کو مزید مراعات دیں جس سے ملازمین کے گھر خوشحالی سے چل سکیںجس سے ذہنی پریشانی نہ ہو تو پھر صرف محکمہ بجلی کے ادارے اتنا منافع بخش ہو جائیں گے کہ دیگر تمام ادارے اس کے منافع پر چل سکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ تمام ڈسکوز کے سسٹم کو اپ گریڈ کیا جائے بمطابق SOP بجلی کے متعلق نصب شدہ ہر چیز کی بر وقت Replacement کی جائے ۔
