لاہور (بیوروچیف) عید قرباں کی آمد کے ساتھ ہی سبز مصالحہ جات اور سبزیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ مارکیٹ میں لیموں، لہسن، ادرک، پیاز، ٹماٹر اور سبز مرچ سمیت متعدد اشیائے خورونوش سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق لیموں کی سرکار ی قیمت 267روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہ 700روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح لہسن کی سرکاری قیمت 380روپے جبکہ بازار میں اس کی قیمت 600 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ادرک سرکاری نرخ 265 روپے کے مقابلے میں 400 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ پیاز 70روپے کے سرکاری ریٹ کے برعکس 90روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ٹماٹر کی سرکاری قیمت 40روپے مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 60روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ سبز مرچ 85روپے کے بجائے 100روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔شہریوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ ناجائز منافع خوری اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔




